پشاور(سٹاف رپورٹر، 92نیوز رپورٹ)نسداد دہشت گردی کی عدالت نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 2 ملزموں کو عمر قید کی سزا سنادی جبکہ 2 کو بری کردیا۔ عدالت نے 12 مارچ کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا سنائی اور ملزم صابر مایار اوراظہار عرف جونی کو بری کردیا۔ اس سے قبل 4 سال قید کی سزا پانے والے ملزموں کو پشاور ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ۔مشال خان قتل کیس میں مجموعی طور پر 61 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں مرکزی ملزم عمران کو 2 بار سزائے موت، 5 ملزموں کو25، 25 سال قید اور 25 ملزموں کو 4،4 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ کیس میں 26 ملزموں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ۔13 اپریل 2017 کو عبد الولی خان یونیورسٹی مردان میں 23 سالہ طالبعلم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔مشال کے والد محمد اقبال کی درخواست پر مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ایبٹ آباد منتقل کیا گیا تھا۔