لاہور(نامہ نگار)پی آئی اے کے حصص یافتگان کا دوسرا سالانہ عمومی اجلاس ہفتہ کی صبح کراچی کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوا۔ صدارت صدر وچیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کی۔اجلاس میں سال 2017 کے مالی حسابات اور سال 2018 کے مالی حسابات کے لئے بیرونی آڈیٹرز کے تقرر کی منظوری دی گئی۔مالی سال 2017 کے اختتام پر پی آئی اے کی مجموعی آمدنی تقریباً 91 ارب جبکہ خسارہ ساڑھے 46 ارب روپے رہا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 2017 میں ایندھن کی قیمتوں میں 14 فیصد اور انتظامی اخراجات میں 16 فیصد اضافہ رہا۔ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے حالات اب بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم اس کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔انہوں نے کہا کہ فضائی بیڑے میں طیاروں کی صورت حال کافی بہتر جا رہی ہے ۔مالی حسابات میں تاخیر گزشتہ ادوار کی انتظامی کوتاہی رہی ہے مگر ہمیں آگے بڑھنا ہے ۔حصص یافتگان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔حصص یافتگان نے اجلاس کے ایجنڈے اور سفارشات کی منظوری دی۔ اجلاس میں چیف فاننشل آفیسر خلیل اﷲ شیخ اور سکریٹری بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بھی موجود تھے ۔