لاہور؍ کراچی؍ پشاور(اپنے رپورٹر سے ؍سٹاف رپورٹر؍وقائع نگار؍خبرنگار؍مانیٹرنگ ڈیسک) مالم جبہ اراضی سکینڈل میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور سینیٹر کو پیشی کے لئے سمن بھیج دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھی کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا ہے ۔ قومی احتساب بیوروخیبر پختونخوانے مالم جبہ اراضی سکینڈل میں سنیئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان اورسینیٹر محسن عزیز کو طلب کرلیا، دونوں 14 دسمبر کو پیش ہوں گے ۔ اس کیس میں اس سے قبل وزیر دفاع پرویز خٹک،سابق چیف سیکرٹری اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بیانات قلبمند کراچکے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان جو اس وقت وزیر سیاحت تھے ، کو بھی کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا ہے ، تفتیش میں انہیں بھی شامل کر دیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کے اثاثوں کے کیس میں ایل ڈی اے سے 7اے مسلم ٹاؤن کی پراپر ٹی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔نیب کراچی نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ٹھٹھہ کے آڈیٹر عبدالحفیظ راہوجا کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں خرد برد کی اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ٹھٹھہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسز کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریبا6کروڑ روپے غبن کئے ۔نیب نے پاکستان سٹیل ملز کو قدرتی گیس کی فراہمی بند کرنے سے متعلق کی جانے والی تحقیقات بند کردیں ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے تمام الزامات کی جانچ پڑتال کی، تاہم کوئی مجرمانہ پہلو نہیں ملا، لہٰذا ایگزیکٹو بورڈ کی سفارشات پر چیئرمین نیب نے تحقیقات کو بند کرنے کی منظوری دی۔