کراچی،اسلام آباد (92نیوز رپورٹ،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)92نیوز نے سابق ڈی جی پارکس کراچی کا کچہ چٹھا کھول دیا،ادھرنیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار اور اسلام آباد میں مقیم سابق ڈی جی پارکس (کراچی)لیاقت قائم خانی کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز وسامان کی دستاویزات برآمد کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی کے گھرپر کی جانے والی چھاپہ مار کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی آٹھ لگژری گاڑیاں،بانڈز،سونا ،دیگرقیمتی زیورات،سونے کے بٹن اور کف لنکس،کراچی اورلاہورکے بنگلوزکی دستاویزات اور جدید اسلحہ بڑی تعدادمیں برآمد ہوا۔ ان کے گھر سے 4 بائی 6فٹ کے 2 لاکر ز بھی پکڑے گئے جنہیں ابھی تک کھولا نہیں جاسکا ۔ملزم کے گھرسے کے ایم سی کی فائلزبھی نیب نے برآمد کرلیں۔نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا اسلام آباد کا گھر انتہائی پر تعیش اور ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا،گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے اور باتھ روم 2مرلے پرمحیط ہیں۔ادھر ذرائع کے مطابق لیاقت علی قائم خانی کے ایم سی میں بطور مالی بھرتی ہوااور سابق ناظم نعمت اللہ خان نے انہیں ڈی جی پارکس تعینات کیا،لیاقت علی کے لئے بطور خاص ڈی جی پارکس کا عہدہ تخلیق کیا گیا،سابق وزیر بلدیات وسیم اختر نے اس تعیناتی کی شدید مخالفت کی اورقوانین کی خلاف ورزی پر اینٹی کرپشن کو خط بھی لکھا ۔ملزم نے اس دوران سندھ کی اہم شخصیات سے تعلقات قائم کر لئے اور سیاسی تعلقات کی بنا پر طویل عرصے تک ڈی جی پارکس رہا۔ملزم کے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے دوستانہ تعلقات تھے ۔ تعلقات کی بنا پر بینظیر بھٹو پارک کی تزئین و آرائش کا کام بھی ان کے سپرد کیا گیا، ملزم نے گھر کی تعمیرکے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا، من پسند افراد کو محکمے میں بھرتی کرایا۔ملزم نے مشیر باغات بننے کے بعد دو قریبی عزیزوں فیصل قائم خانی اور طلحہ قائم خانی کو خلاف ضابطہ کے ایم سی کے محکمے ای اینڈ آئی پی میں ڈپٹی ڈائریکٹر لگوایا جبکہ بھائی آفتاب قائم خانی کو اعلی گریڈ میں ترقی دلائی ۔