کراچی،نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے پاکستانی معیشت کے اشاریے مضبوط ہیں اور جلد معیشت کے حوالے سے عوام کو اچھی خبر سنائیں گے ۔امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویومیں ان کاکہناتھا آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے مضبوط ہیں، آئی ایم ایف کے ایندھن اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے احکامات پر عمل کرنا مشکل رہا۔سیاسی حالات درپیش ہوں تو مشکل فیصلے لینے میں تاخیر رہتی ہے لیکن امید ہے جلد یہ تاخیر ختم ہو گی، آئی ایم ایف کے ساتھ اگلی ٹرنچ مکمل ہونے کی اچھی خبر سنائیں گے ، آئی ایم ایف سے باقی 3 بلین ڈالرز کیلئے اس کام کو مکمل کرنا ہے ، جمہوریت میں اس قسم کے سیاسی پروسس ہوتے رہتے ہیں، ضروری ہے معاشی پالیسی مرتب کرنے والے ادارے مالیاتی استحکام کے مقصد کو یقینی بنائیں، روپے اور سٹاک مارکیٹ میں اچھے اشارے ملے ہیں، شرح سود میں اضافے کے باوجود معاشی نمو 4 فیصد رہنے کے اندازے ہیں، آئی ایم ایف صرف فنڈز کے لیے اہم نہیں بلکہ یہ سگنل دوسرے اداروں کو بھیجتا ہے جو کہ دوطرفہ قرض دہندگان کے ساتھ ساتھ نجی کیپٹل مارکیٹوں سے بھی فنڈنگ حاصل کرتا ہے ، ہمیں امید ہے اس مثبت پیغام کے سامنے آنے سے ہم آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر ذرائع سے فنڈز کو متحرک کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔گورنرسٹیٹ بینک نے کہاہماری مالیاتی منڈیوں کو سیاسی عدم استحکام سے خطرہ ہے ۔،پالیسی ریٹ میں اضافے کے تازہ ترین فیصلے کی وجہ تیل کی بلند قیمتیں، مہنگائی کی بلند شرح اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی تھی،تیل کی قیمتیں مارچ سے مسلسل بلند رہیں اور خاص طور پر اگلے مالی سال کے لئے تیل کا مستقبل تقریباً 12سے 10 فیصد زیادہ ہے ۔ دوسرا پاکستان کے لئے مارچ میں افراط زر کی شرح پچھلے مہینے کے مقابلے میں 100۔50 بیسز پوائنٹ زیادہ تھی، کیونکہ ہیڈ لائن افراط زر تقریباً 12.7 فیصد اور بنیادی افراط زر تقریباً 9 فیصد زیادہ تھا۔