مانسہرہ،پشاور،لاہور،شاہپور(92 نیوز، سپیشل رپورٹر، نامہ نگار) گاڑی سرن ندی میں گرنے اور دیگر ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے لساں نواب روڈ پر مسافروں سے بھری کیری وین گوجرہ پل کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سرن ندی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی 3 خواتین اور2بچو ں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز ایک ہی خاندان کے افرادکیری وین میں جارہے تھے ،گوجرہ پل کے قریب گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کئی فٹ کی بلندی سے سرن ندی میں جاگری جس کے نتیجے میں5 افرادموقع پردم توڑگئے جبکہ3 شدیدزخمی ابتدائی طبی امدادکے دوران چل بسے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیوروزیرمحمد،محمد ایاز ،ایان علی،ارم،محمد پرویز ،مسما فریدہ ،شاہین اورنگینہ شامل ہیں،اطلاعات کے مطابق حادثہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ لاہور کے پرانا کاہنہ میں تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مارکر دو دوستوں کو کچل کر ہلاک کردیا ۔بتایاگیا ہے کہ پرانا کاہنہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار دو دوست جارہے تھے کہ تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ، پولیس کے مطابق دونوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔شاہپور میں عبدالغفار اپنے بیوی رضیہ بچوں آسیہ اور سعدیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر خوشاب کی طرف سے جا رہا تھا کہ تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں عبدالغفار عمر 60 سال رضیہ بی بی عمر 55 سال موقع پر جاں بحق جبکہ اسکی 13 سالہ بیٹی آسیہ اور 4 سالہ پوتی سعدیہ شدید زخمی ہوگئی ، سعدیہ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔