باغ،دھیر کوٹ ، شکرگڑھ ، نارووال، اسلام آباد (تحصیل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے مائنس کی باتیں کرنے والے دیکھ لیں ،نواز شریف آزاد کشمیر میں پلس پلس ہورہے ہیں۔دھیر کوٹ اور باغ میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہنا تھا دھیرکوٹ سے نیلم ویلی تک ہر طرف نواز شریف کی گونج ہے ، مجھے خوشی ہے نوازشریف کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں ،ضائع نہیں ہوئیں، جہاں جاتی ہوں صرف ایک آوازآتی اور وہ ہے نواز شریف ۔ مائنس کی باتیں کرنے والے دیکھ لیں نواز شریف آزاد کشمیر میں روز بروز پلس پلس اور پلس ہورہے ہیں۔دشمن کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی۔نواز شریف پوری آب وتاب کیساتھ چمک رہا ہے ۔کل ایک دھوکے باز باغ والوں کو سبز باغ دکھانے آیا تھا ۔ اس نے باغ میں جلسہ صرف اسلئے رکھا کہ وہاں پر ان کے امیدوارکا دور دور تک تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ، وہ امیدوار صرف ایک اے ٹی ایم ہے اور عمران خان غربیوں کے پاس نہیں صرف پیسوں والوں کے پاس جاتے ہیں، کروڑوں روپے سرکاری پیسہ خرچ کرکے بھی انہیں کشمیر کے عوام نے مسترد کردیا، کراچی سے خیبر تک ہر جگہ آپ کو عوام نے مسترد کیا، یادرکھو تمہاری کل بھی دو سیٹوں کی اوقات تھی، آج بھی یہی ہے ۔ ایل اے 37 جموں4 نارووال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اورسابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا22کروڑ عوام کے ملک کی چابی اناڑی کو پکڑا دی گئی ۔نواز شریف کی ترقی کو نا اہل حکومت نے برباد کر کے رکھ دیا ۔ کشمیر کاز سے منہ پھیرنے والوں کو عبرتناک شکست ہوگی۔عوام کے ووٹ سے فیصلے ہوں گے تو ملک کی سمت درست ہوگی۔ جلسہ سے لیگی امیدوار صدیق بھٹلی، رانا منان خان ایم پی اے ،سابق ایم این اے انوار الحق چودھری ،ڈاکٹر حافظ شبیر نے بھی خطاب کیا،وسیم بٹ ایم پی اے ،پیراظہر الحسن شاہ و دیگربھی موجود تھے ۔ترجمان مسلم لیگ( ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے جسے الیکشن کمیشن نے آزادکشمیر سے نکلنے کا حکم دیا، عمران خان اسے ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ لے آئے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی سے نوٹ نہ چلے توگولی چلائی، اب کھلم کھلا الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔