پشاور(آن لائن)مانسہر ہ جیل سے فرار ہونیوالے قیدیوں کی گرفتاری کیلئے صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا جبکہ معطل ہونے والے 10 اہلکاروں اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کرلیا ہے ،دونوں قیدیوں کے نام اور تفصیلات صوبے بھر اور قبائلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو جاری کردیئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ایک ہفتہ قبل مانسہرہ جیل سے دو قیدیوں کے فرار ہونے کے الزامات میں سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت دس اہلکاروں کو معطل کردیاگیاتھا اور سپرنٹنڈنٹ جیل ہری پور مسعود احمدکو تحقیقاتی آفیسر مقررکیا ہے جنہوں نے تحقیقات کے لئے معطل ہونے والے سپرنٹنڈنٹ جیل مانسہرہ افتخار احمدصدیقی ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالباری ، سسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شبیر احمد ، چیف وارڈن عبدالرزاق ، ہیڈ وارڈن محبوب الہی ، وارڈن محمد جاوید ، فرح عباس اور نواز شامل ہیں مانسہرہ جیل سے فرار ہونے والے دونوں قیدیوں کی تلاش کاکام شروع کردیا اور حساس اداروں کو بھی ان کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اس سے قبل صوبے کے مختلف جیلوں کے متعدد عملے کو مختلف الزامات کے تحت معطل کیا جا چکا ہے ۔