مانسہرہ(این این آئی)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے علاقے کیوائی کے ایک نجی سکول میں لوہے کا پائپ بجلی کے تار سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک استاد اور 3 طلبا جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا، جب ٹیچر اور طلبا اسمبلی کے دوران لوہے کے پائپ پر جھنڈا چڑھا رہے تھے ، جھنڈے کی ڈور پول سے نکل گئی، ڈور کو لگانے کیلئے پول اتار کر دوبارہ نصب کیا جا رہا تھا کہ وہ گر کر اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج لائن سے ٹکرا گیا ،کرنٹ اتنا شدید تھا کہ اس سے ایک استاد اور 3 طلبا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والے بچے چوتھی، پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طالب علم تھے جن کی شناخت نعمان، بلال اور آصف کے نام سے کی گئی۔ طلبا کی عمریں 10 سے 13 برس کے درمیان تھیں۔ پولیس لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں ۔