لاہور(قاضی ندیم اقبال)سرکاری اداروں کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور صوبہ میں ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے نئی پالیسی وضع کر دی گئی۔جس کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اداروں کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا معیار اور رفتار سہ ماہی بنیادوں کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر مانیٹر کی جائے گی ۔ نئی پالیسی کی روشنی میں چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے 17اگست کو انتہائی اہم اجلاس طلب کر لیا۔جس میں رواں مالی سال کے ابتدائی45یوم کی بابت کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔معتبر ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال2020-21 کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کا مجموعی حجم3کھرب37ارب روپے رکھا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے آغاز کے چند روز بعد ہی پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں/آن گوئنگ پراجیکٹس کے لئے 97ارب روپے جاری کئے اور صوبائی انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنائیں جبکہ فنانشل ڈسپلن کی پاسداری کے لئے بھی اقدامات کریں۔ ذرائع کے مطابق ماضی قریب اور ماضی بعید میں صوبائی حکومت کی جانب سے سہ ماہی بنیادوں پر تقریبا ہر 90سے 95 دن کے بعد اینول ڈویلپمنٹ پروگرام ریویو(ADP REVIEW) کیا جاتا تھا اور مختلف حوالوں سے سامنے آنے والی کمی یا کوتاہی کے بارے ہدایات جاری کی جاتی تھیں۔ تاہم صوبائی حکومت کی ترجیحات کی روشنی میں صوبائی اداروں کے زیر انتظام چلنے والے ترقیاتی پروگرامز کے حوالے سے نئی پالیسی وضع کر دی گئی ہے جس کی روشنی میں ماہانہ بنیادوں پر پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاکہ ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کی استعداد کار بہتر بنا کر ان کی کارکردگی کا گراف بھی بہتر بنایا جا سکے ۔