اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) ماسکو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے ماسکو چیمبر کے کمیشن برائے پاکستان کے سربراہ اسٹانیسلاو کورولیوکی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کے امور پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماسکو چیمبر آف کامرس کے وفد کے سربراہ اسٹانیسلاو نے کہا کہ روس کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں مضبوط تعاون قائم کرنا چاہتی ہے ۔