لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام کا خواب پورا ہونے والا ہے ۔ منصوبے کا پی سی ون بن رہا ہے ۔ حکومت ہی یہ منصوبہ مکمل کرے گی تاہم مخیر حضرات کے تعاون کا بھی خیرمقدم کریں گے ۔وہ ’سرگنگا رام ماں بچہ ہسپتال ‘ کی تعمیر کے لئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں فنڈ ریزنگ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ بیگم سنیئر وزیرمسز کرن علیم خان، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عامر زمان، ایم ایس گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ اور ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کرن علیم خان نے اپنی فیملی کی طرف سے ہسپتال کی تعمیر کے لئے 20لاکھ روپے عطیے کا بھی چیک دیا۔ مختلف اداروں اور افراد کی طرف سے بھی موقع پر لاکھوں روپے کے عطیات دیے گئے ۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے پورے نظام کی کایا پلٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔