لاہور،پاکپتن، صادق آباد (نمائندہ خصوصی سے ، کامرس رپورٹر، نمائندگان) پی ڈی ایم کے زیراہتمام ملک بھر میں بدترین مہنگائی کیخلاف مظاہرے اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی کے باہر ڈیوٹی فری شاپ روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں عظمیٰ بخاری،حناپرویز بٹ،سمیرا کومل،سنبل ملک، طارق گل،مرزاجاوید، مجتبیٰ شجاع الرحمن،عنیزہ فاطمہ،سعدیہ تیمور،سنبل ملک،غزالی بٹ ،عامر خان سمیت اراکین اسمبلی اورکارکنان نے شرکت کی،شرکا ہاتھوں میں کتبے اٹھا کر حکومت اورمہنگائی کیخلاف نعرے لگاتے رہے ۔ لیگی خواتین نے ہاتھوں میں ہانڈی اور ڈوئی اٹھاکر احتجاج کیا۔ریلی اوراحتجاج کے باعث ڈیوٹی فری شاپ اورملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک بلاک ہوگئی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی اور حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ پاکپتن میں ریلی کی قیادت پیر معین الدین چشتی نے کی۔ ریلی میں طارق چوہدری،عاطل محمود منے خان، سید حسنین رضا بخاری,پیر سعد حسن چشتی, عدیل ڈوگر,پیر نظام الدین, بابر ڈوگر,شہروز بھنڈارہ, اویس گجر,اسرار خاں, سانول بھنڈارہ, شہزاد ڈوگر,رانا یاسر, منیر ڈوگر و دیگر سینکڑوں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی کالج روڈ سے شروع ہو کر نگینہ چوک پر ختم ہوئی ۔مقررین نے کہا حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔پی ڈی ایم صادق آباد کے زیراہتمام مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی ۔ چکدرہ اور خیبر میں بھی پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگا ئی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہرمہنگائی کیخلاف مظاہرہ ہوگا۔ لاہور، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ ، صباح نیوز ) مسلم لیگ (ن) کے صدراور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے پر پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،عوام کے معاشی و آئینی حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاباربار خبردار کررہا ہوں حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا، ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔سیاسی انتشار اور معاشی تباہی دونوں ملکر پاکستان کو ناکام ریاست کی طرف لے جارہے ہیں، مرتے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا صرف ظلم ہے ،عوام ظلم کیخلاف باہر نکلیں اور حکومت سے ظلم کرنے کا اختیار چھین لیں۔ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے ۔ ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے ۔ ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے ۔ پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفیٰ میں ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا نیب ترمیمی آرڈیننس سے جوڈیشری پر حملہ کیا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا آئی ایم ایف جوحکم کرتا ہے حکومت تسلیم کرتی ہے ، حکومت سے ملک نہیں چل رہا۔ مسلم لیگ ن کسی ڈیل، کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنے گی۔