لاہور (کر ائم رپورٹر ،سپیشل رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ اور خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے قلع قمع کیلئے دیگر ممالک کی پولیس فورسز اور اداروں کے مابین معلومات کا تبادلہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کی دلدل میں دھکیلنے والے معاشرتی ناسوروں کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایرانی پولیس کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ایرانی پولیس کے لیفٹیننٹ جنرل لاء انفورسمنٹ اینڈ اینٹی نارکوٹکس عمید سروری سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔ دوران ملاقات منشیات اسمگلنگ میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں کیلئے پنجاب پولیس اور ایرانی اینٹی نارکوٹکس پولیس کے مابین انفارمیشن شئیرنگ پر اتفاق رائے کیا گیا۔ دریں اثنا عارف نواز خان نے سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پولیس فورس کو امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصوراورپاکپتن سمیت جن دریائی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ درپیش ہے وہاں پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔