محراب پور(نامہ نگار) محراب پور کے مقامی صحافی عزیز میمن کو قتل کردیا گیا۔ لاش محراب پور کی گودو مائنرنہر سے برآمد ہوئی جسے مقامی افراد نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔مقتول صحافی عزیز میمن کو کیمرہ مین اویس قریشی دوپہر میں گاؤں صوفائی سہتہ چھوڑ کر آیا تھا۔ ان کو کیمرے کے مائیک کے تار سے گلا گھونٹ کرمارا گیا۔ پولیس نے کیمرہ مین اویس قریشی کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی ہے ۔یاد رہے کہ بلاول بھٹوزرداری کے ٹرین مارچ کے دوران مقتول صحافی عزیز میمن کو اس وقت شہرت ملی تھی جب انہوں نے 200روپے کی اجرت پراستقبال کے لئے سٹیشن پر آنے والی دیہاتی خواتین کی خبربریک کی تھی۔ ان کی یہ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔اس خبر کے بعد صحافی عزیز میمن کو پیپلز پارٹی اور پولیس کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں جس کا اظہار انہوں نے بارہا کیا تھا۔ صحافی برادری نے صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔