مکرمی!نوجوانوں کو کسی بھی ملک کا مستقبل تصور کیا جاتا ہے، لیکن اگر انہیں دشمنوں یا سماج دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم کے تحت نشہ کی مہلک عادت میں مبتلا کر کے نشانہ بنائیں تو کیا ہو گا؟ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کے ذریعے نوجوان نسل کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششیں سامنے آئیں جنھیں وزارت انسداد منشیات کے ذیلی ادارے اور پاکستان میں منشیات کی روک تھا م کی سب سے منظم فورس اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف اوقات میں ناکام بنایا اور تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ۔ تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہناگزیر ہے۔یہ ایک آفاقی سچائی ہے کہ دنیا کا کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک مہذب قوم کا درجہ حاصل نہیں کرسکا جب تک کہ اس کے لوگ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے اچھے اور برے کی تمیز شروع نہ کردیں۔منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ منشیات کا استعمال ایک ضروری گھریلو مسئلہ سے بڑھ کر قومی اور عالمی خطرہ بن چکا ہے۔ مقصد کا حصول تب ممکن ہے جب لوگ نشے کے اثرات کو سمجھنے کی صلاحیت حاصل کر لیں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔( طاہر محمود چوہدری)