ایبٹ آباد،فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراضی کے بعد انتخابات 2018 سے دست برداری کا اعلان کردیا۔سردار مہتاب عباسی این اے 15 کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت سے شدید ناراض ہوگئے تھے ۔خیال کیا جا رہا تھا کہ ناراض رہنما سابق مشیر ہوابازی اپنے حلقے سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے لیکن انھوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔الیکشن سے دست برداری کے اعلان میں ناراض رہنما کے قریبی رشتہ بھی شامل ہیں، عباسی کے بیٹے شمعون یار خان قومی اسمبلی کے حلقے 16 اور کزن صوبائی اسمبلی کے حلقے 36 سے الیکشن نہیں لڑیں گے ۔ایبٹ آباد کے سردار شہر یار خان اور سردار فرید نے بھی پارٹی ٹکٹ واپس کردیئے جس کے بعد ن لیگ کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ، اس سے قبل پی کے 37 سے سردار اورنگزیب ، پی کے 38 سے ارشد اعوان اور پی کے 39 سے عنایت خان نے ٹکٹ واپس کیے تھے ۔ادھر فیصل آباد میں سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ ضلعی چیئرمین چودھری زاہد نذیر اور چودھری عاصم نذیر کو منانے میں ناکام ہوگئے ۔ چودھری عاصم نذیر نے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لینے سے انکار کردیا ہے ۔