لاہور،ملتان(کامرس رپورٹر،سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پوراکرتے ہوئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیادرکھ دیا۔ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کو ماضی میں نہ صرف پسماندہ رکھا گیا بلکہ گمراہ کن اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے اور ملتان ڈویلپمنٹ پیکیج کے اعلان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 27 ہزار سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کیا ، حکومت کو ورثے میں 1300 ارب روپے کے ادھورے منصوبے ملے ،ملتان کیلئے 34 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج لا رہے ہیں، لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 78 کروڑ 72 لاکھ کے ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے ۔ملتان میں 3 ارب 31 کرڑ روپے کے 4 ترقیاتی منصوبوں ای خدمت مرکز، شیلٹر ہوم،میاواکی اربن فاریسٹ اور انڈسٹریل سٹیٹ میں لیبر ہاؤسنگ کالونی کا افتتاح کیا ۔8 ارب 97 کروڑ کے 5 نئے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنا ایک تاریخی اقدام ہے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پراجیکٹ 3 ارب 54 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے ، الگ سروس ٹربیونل اور ڈرگ کورٹس بھی بنائی جائیں گی ۔نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ملتان میں پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان شرائط 35 کروڑ روپے کے زائد قرضے دئیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا۔ 10لاکھ کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے سبسڈی ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائے گی۔ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پراجیکٹ ساؤتھ پنجاب کی پانچ تحصیلوں وہاڑی، بورے والا، خانیوال، کوٹ ادو، بہاولنگر میں آنے والے اگلے دو سال میں واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، سٹریٹ لائٹس، روڈز اور پارکس پر 11ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ بوسن روڈ سے ہیڈ محمد والا تک ناردرن بائی پاس کو دو رویہ بنایا جائے گا حکومت پنجاب کی درخواست پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی یہ منصوبہ مکمل کرے گی ۔ضلع کچہری میں رش اور ہجوم دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ضلع کچہری کی حدود کو وسیع کرنے کے لئے پولیس لائن سے 30 کنال اراضی فراہم کی گئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کو 20 کنال اراضی دی جائے گی اور ہائیکورٹس کی توسیع کیلئے 26 کنال اراضی فراہم کی جا رہی ہے جس میں سے 6 کنال اراضی دی جا چکی ہے ۔ ملتان میونسپل کارپوریشن کو درجہ بڑھا کر میٹروپولیٹن کارپوریشن کر دیا گیا ہے ۔شیر شاہ بائی پاس کو موٹروے ایم فور کے ساتھ منسلک کرنے کا پراجیکٹ پر 25فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ،اس منصوبے پر 59کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔نیا پاکستان منزلیں آسان منصوبے کے تحت دیہات سے منڈیوں تک رسائی کیلئے 28کلومیٹر طویل سڑکیں 35کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکی ہیں ۔دریں اثنا انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کورونا کے قومی چیلنج پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے ۔کورونا پر سیاست چمکانے والوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے ۔قبل ازیں انہوں نے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کا اجرا بھی کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں تقریب میں شرکت پر وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔کسان کارڈ کے اجرا سے کاشتکار کو بے پناہ فائدے اور سہولتیں ملیں گی۔ اس کارڈ کے ذریعے کسان آسانی سے زرعی قرضہ لے سکتا ہے ۔ حالیہ خریف سیزن میں حکومت پاکستان کے اشتراک سے ابتدائی طور پر کسان کارڈ کے ذریعے 17 ارب روپے سبسڈی دی جا رہی ہے ۔