لاہور (نامہ نگار)وزیر ریلویز شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف آج جائیں یا کل جائیں، اِس میں کوئی نئی بات نہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی جلد ہی طے پاجائیں گے ۔ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا خورشید شاہ کے سوا تمام کے تمام پلی بارگین کی طرف جارہے ہیں،جنگ اور سیاست میں موسم دیکھا جاتا ہے ، فضل الرحمان کی سیاست دم توڑ گئی ہے ، وہ اگلے الیکشن میں اس سے بھی پانچ چھ کم سیٹیں لیں گے ، مولانا کا دھرنا پہلے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تھا،وہ جو اب کر رہے ہیں قانون کی زد میں آسکتے ہیں، ایم کیو ایم، ق لیگ عمران خان سے کہیں نہیں جا رہے ، باقی میڈیا میڈیا کھیلنے میں کیا حرج ہے ۔شیخ رشید نے کہا عمران خان نہیں چاہتے کہ چوروں کو کوئی رعایت ملے ،اِس لیے عمران خان نے کہا پیسے دو اور باہر جاؤ، اِس میں وزیرا عظم نے کو ن سا گناہ کردیا؟ نیا سال عمران خان کی حکومت کے لئے اچھا ثابت ہو گا۔شیخ رشید نے تیزگام ٹرین حادثے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ٹرین کے ہر حادثے کی ذمہ داری خود پر لیتا ہوں، دو جاں بحق افراد کی ڈیڈباڈیز کی شناخت نہیں ہوسکی، وہ بھی 18 تاریخ تک ہوجائے گی،گریڈ 20 کے 3 افسروں کی تنزلی کے آرڈر جاری کئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی شہرت یافتہ بلاگرز اور فوٹو جرنلسٹ درگئی اور اٹک خورد کے تین روزہ دورے پر راولپنڈی سے صبح 9 بجے جارہے ہیں، اس سے پاکستان ریلوے کا امیج بھی بہتر ہوگا اور ڈیپارٹمنٹ کو پیسے بھی ملیں گے ۔ٹماٹر کی قیمت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا میں شیخ رشید ہوں، شیخ حفیظ نہیں، ٹماٹر 300 روپے کلو نہیں، 220 روپے فی کلو ہے ، میں نے خود ایک ہزار روپے کی دھڑی لی ہے ۔