پشاور، چترال،سوات ،دیر بالا، لاہور (نیوز رپورٹر، این این آئی، صباح نیوز،نمائندہ 92 نیوز، اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ چترال میں شدید برفباری سے لواری ٹنل بند، سوات میں شاہراہیں بند ہو گئیں جس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے ، مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے مختلف اضلاع میں دو خواتین زخمی ، 20مال مویشی ہلاک اور4زخمی ہو گئے ،پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور برف باری کی وجہ سے تین گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ،پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بونیر میں امیر نواب کا گھر مکمل طو رپر منہدم ہو گیا ۔ زوار خان سکنہ یونین کونسل گوالڈی ویلج اپر کے مویشی خانہ پر بڑا پتھر گرنے کے باعث 12بھیڑ اور متعدد بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔ چترال میں شدید برفباری کے نتیجے میں لواری ٹنل اپروچ روڈ بند ، سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کے باعث لائیکوٹ کے مقام پر درجنوں گاڑیاں جبکہ مہو ڈنڈ جھیل میں مٹلتان کے 30 افراد پھنس گئے ، اب تک کالام ، اتروڑ ، گبرال ، مہو ڈنڈ میں تین فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے ۔ دیر بالا کے مضافاتی علاقوں میں برف باری سے رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ لاہور میں ہونے والی بارش کی باعث سموگ کی صورتحال میں بہتری آگئی اور شہر کے مختلف مقامات پر ائیر کوالٹی انڈکس میں واضح کمی آئی۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق ٹاؤن شپ ائیر کوالٹی انڈکس44رہا،اسی طرح ٹاؤن ہال65،جیل روڈ153،قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ169،کوٹ لکھپت171ا ئیرکوالٹی انڈکس رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزپنجاب،اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت13 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔