نئی دہلی( نیٹ نیوز) بھارت میں مسلم مخالف شہریت بل پر جاری ہنگامہ آرائیوں کی وجہ سے جاپانی وزیراعظم شنزو آبے کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی وزیراعظم کا 3 روزہ دورہ بھارت کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے ، جاپانی وزیراعظم کو اپنے بھارتی ہم منصب مودی سے ریاست آسام کے سب سے بڑے تجارتی اور ترقی یافتہ شہر گوہاٹی میں ملاقات کرنا تھی۔جاپانی وزیراعظم شنزوآبے 15 سے 17 دسمبر تک کے 3 روزہ دورے پر بھارت آنا تھا ۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ دونوں ممالک کے حکام کی باہمی مشاورت اور اتفاق کے بعد جاپانی وزیراعظم کا تین روزہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے اور جلد ہی اتفاق رائے سے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔