لاہور ،اسلام آباد ( جنرل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر) کورونا کی موجودہ صورتحال میں ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ او پی ڈیز کھولنے کے معاملے پر تذبذب کا شکار ہے ۔ متعدد ہسپتالوں کی او پی ڈیز جزوی طور پر کھل گئی مگر او پی ڈیزمیں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز جاری نہ ہونے کے باعث ہسپتالوں کی جانب سے کوئی خاطر خواہ انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے اور مریض بغیر کسی اختیاطی تدابیر اور فاصلے رکھے بغیر او پی ڈیز میں کلینکس کے سامنے جمع دکھائی دیئے جس سے کورونا کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ۔او پی ڈی کے اندر جانے والے مریضوں کو تھرمل سکینر کے ذریعے چیک بھی نہیں کیا جا رہا اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر ڈاکٹرز بھی پریشانی سے دوچار ہیں اور اس حوالے سے ڈاکٹر ز کا کہنا ہے کہ او پی ڈیز میں کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے کسی بھی قسم کی حفاظتی کٹس بھی فراہم نہیں کی گئی ۔مریضوں کی بھی او پی ڈیز میں داخل ہونے سے پہلے سکینگ نہیں کی جا رہی ۔دوسری جانب متعدد ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے کہا ہے کہ او پی ڈیز کھولنے کے تو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں مگر اس حوالے سے محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کوئی ایس او پیز جاری نہیں کئے گئے ۔میو ہسپتال کے سی ای او پروفیسر اسد اسلم خان نے بتایا کہ حکومت نے ایکسپو سنٹر اور میو ہسپتال کو کورونا کے مرکزی ہسپتال قرار دیا جس کے بعد ہم نزلہ زکام بخار اور کانسی والے مریضوں کو او پی ڈی میں پہلے سے ہی چیک کر رہے ہیں جبکہ دیگر امراض کے مریضوں کو ایمرجنسی میں دیکھا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نو ٹیفکیشن کے ذریعے اسلام آباد کے ہسپتالوں کی او پی ڈیز بحال کرنے کے احکامات جاری کر د یئے ۔