پشاور( نامہ نگار)پشاور کی مثالی پولیس کے ساتھ طالب علم کی تکرار مہنگی پڑ گئی ، پشاور یونیورسٹی میں کیمپس پولیس نے طالب علم کو شدید تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے اسے تھپڑ رسید کر دیئے اور مزاحمت پر اسے تھانے میں بند کر دیا ۔گزشتہ روز معمولی تکرار پر کیمپس پولیس نے ایک طالب علم کو تھپڑ رسیدکردیئے ،جب اس نے تھپڑ اور تشدد کی وجہ پوچھی تواسے گاڑی سمیت تھانے لے جایا گیا ۔اس بارے میں جب پولیس سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ پولیس کی توجہ جب اس ویڈیو کی جانب دلائی گئی جس میں پولیس اہلکار کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تو پولیس نے ایسی کسی ویڈیو سے بھی لاعلمی ظاہر کر دی ، اس بارے میں یونیورسٹی کے ترجمان علی عمران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسے واقعات کو اچھالا نہ جائے کیونکہ ایسے واقعات کو رپورٹ کرنے سے یونیورسٹی کی ساکھ خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔