اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کوئی قانون سے بالا تر نہیں ،کوئی میڈیا سے ہو یا کسی اور شعبہ سے ہو قانون کی نظر میں سب برابر ہیں،ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈہ ہورہاہے ، اگر مثبت تنقید کی جائے تواسکو حکومت کیلئے بہتر سمجھتاہوں۔ وزیراعظم سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیازاللہ نیازی نے ملاقات کی۔ اس موقع پراٹارنی جنرل بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم کو سینئر صحافی محسن بیگ ،نورمقدم اور اسامہ ستی قتل کیسز پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا حکومت کے اچھے کاموں کو بھی کچھ لوگ منفی پراپیگنڈہ کے ذریعے غلط پیش کر رہے ہیں،جو لوگ اچھا کام کر رہے ہیں میڈیا اس کو منفی طریقے سے پیش کر رہا ہے ۔ وزیراعظم نے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو ریاست مدینہ کے اصولوں سے رو شناس کرانا ہمارافرض ہے ۔ نوجوان نسل میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور انہیں جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے ۔ ہمیں مختلف شعبوں کی ضروریات اور ملکی تعمیر و ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم کا نظام وضع کرنا ہو گا، ہمیں مختلف شعبوں کیلئے پروفیشنلز کی ضرورت ہے ، اسلام میں جبر نہیں ،ہمارا فرض ہے نوجوانوں کو صحیح راستے کے بار ے میں آگاہی فراہم کریں۔ پاکستان کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل تھا۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ،حکومت اس طبقے کو اوپر اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جس میں آگے بڑھنے کی صلاحیت اور جستجو ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں وزیراعظم نے بٹن دبا کر سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز آسٹریا کے وفاقی چانسلر کارل نیہمر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان میں معاشی تباہی کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیراعظم نے چانسلر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعظم سے سعودی عرب کیلئے نامزد سفیر خرم راٹھور نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے انہیں دونوں اسلامی ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کیلئے کام کرنے اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا میری دعوت پرپاکستان آنے والے بل گیٹس کا خیر مقدم میرے لئے باعثِ مسرت تھا۔ وزیر اعظم نے انسداد پولیو اور تخفیف غربت کے منصوبوں میں غیرمعمولی تعاون پرقوم کیجانب سے بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں )حکومت نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بل گیٹس کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے خاتمہ میں کردار ادا کرنے پرایوارڈ دیا ۔ صدر مملکت نے بل گیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ ایوارڈ انسانیت کیلئے ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ہے ۔ بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی ۔ ملاقات میں پولیو کے خاتمے و دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بل گیٹس نے دورے پرمدعو کرنے اور گرمجوشی سے مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان کیلئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔ دنیا کو انسانی بحران کا شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے ، کے پی کے جنوبی اضلاع پولیو کیخلاف جنگ میں متحرک رہیں۔بل گیٹس نے کہا پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے ، پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہیں،ہم پولیو کیخلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔ انہوں نے پولیو سے نمٹنے کیلئے پاکستانی قیادت، ہیلتھ ورکرز اور والدین کی انتھک محنت کو سراہا۔وزیراعظم نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم کی خصوصی دعوت پر بل گیٹس نے نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی اور قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا۔بل گیٹس نے کہا کووڈ19پابندیوں کے باوجودپاکستان نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے پولیو مہم کے دوران جان کی بازی ہارنے والے 36 فرنٹ لائن ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے 14 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بل گیٹس نے وفد کیساتھ این سی او سی کا بھی دورہ کیا اور چیئرمین این سی او سی اسد عمراور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی۔ بل گیٹس نے این سی او سی اجلاس میں بھی شرکت کی۔بل گیٹس کواین سی او سی کے کردار، طریقہ کار اور انسداد کورونا سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بل گیٹس نے سمارٹ اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی و دیگر اقدامات کو سراہا۔ بل گیٹس نے ڈاکٹرثانیہ نشتر سے ملاقات کی ۔ بل گیٹس نے احساس پروگرام میں ڈیٹا،ٹیکنالوجی اورشفافیت کوسراہا اورکہا احساس پروگرام بلاشبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہے ، ثانیہ نشتر نے کہا پاکستان میں تخفیف غربت کیلئے تعاون پربل گیٹس کے مشکور ہیں۔