مکرمی! پاکستان کے سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹوینٹی سیریس میں وائٹ واش ہونے پر پاکستانی ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے جبکہ ن لیگ نے تو پی سی بی سے اس ضمن میں تحقیقات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے ۔ حالیہ پاک سری لنکا سیریز کے تناظر میں اگر دیکھا جائے تو سری لنکن ٹیم ایسے حالات میں پاکستان آئی جب کوئی بھی ملک یہاں کرکٹ کھیلنے پر رضامند نہیں تھا ۔ سری لنکن ٹیم کے یہاں آکر کھیلنے سے پاکستان کا مثبت اور پُرامن امیج دنیا کو دکھانے میں مدد ملی ہے جس پر ہمیں سری لنکا کا شکر گزار اور احسان مند ہونا چاہئے ۔ حالیہ میچز میں یہ امر بھی مدنظر رکھا جانا چاہئے کہ پاکستان ون ڈے سیریز کا فاتح ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی میں اسے ’’وائٹ واش‘‘ کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ لہذا اگر مہمان ٹیم کوئی ایک سیریز جیت بھی گئی ہے تو ہمیں اس پر فراخ دلی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمارے ذرائع ابلاغ کو بھی ’’مثبت رپورٹنگ‘‘ کے ڈاکٹرائن کو اپناتے ہوئے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ ہماری اپنے ملک سے محبت اپنی جگہ درست ، قومی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر تنقید بھی بجا ، لیکن اگر مذکورہ حالات میں قومی ٹیم نے کپ مہمان ٹیم کی جھولی میں ڈال کر ان کی ’’مہمان نوازی‘‘ کر دی ہے تو اس ’’خطا‘‘ پر انہیں معاف کر دیا جانا چاہئے کیونکہ قومی ٹیم کی کارکردگی اکثر ایسی ہی رہتی ہے ۔ ہاں ، اگر ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ ہماری ٹیم کسی دوسرے ملک کے دورہ کے دوران کرتی ہے تو پھر ہمارے کھلاڑیوں کا ہر لحاظ سے ’’پوسٹ مارٹم‘‘ جائز ہوگا ۔ فی الحال ہمیں ’’مثبت رپورٹنگ‘‘ کو فالو کرنے کی ضرورت ہے ۔ (محمد نورالہدیٰ لاہور)