لاہور(نامہ نگار خصوصی )قصور میں درندگی کا نشانہ بننے والی مقتولہ زینب کے والد امین انصاری نے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط لکھ دیا ۔ زینب کے والد امین انصاری نے ایڈووکیٹ اشتیاق چودھری کی وساطت سے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط لکھا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو موت کی سزا سنائی جا چکی ہے ۔ مجرم کی رحم کی اپیل صدر پاکستان کے پاس زیر سماعت ہے ۔مجرم عمران کو عبرت کا نشان بنانے کے لیے سیاسی جماعتیں ساتھ دیں،مجرم کو سرعام پھانسی دینے کیلئے میرے موقف کی حمایت کریں تاکہ آئندہ کسی کے دل میں بھی معصوم جانوں سے کھیلنے کا خیال نہ آئے ۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مجرم عمران کو سرعام پھانسی پر لٹکا کر ہی عوام الناس کی بے چینی کو ختم کیا جا سکتا ہے ، خط میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان مجرم کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کے حوالے سے صدر مملکت کو احکامات جاری کرنے کی درخواست کریں۔