اسلام آباد،لاہور،پشاور ( سپیشل رپورٹر،وقا ئع نگار ،نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،92نیوزرپورٹ ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہر روز باری باری حکمرانوں کے کرپشن کیسز ختم ہورہے ہیں، یہ پہلے قانون بناتے ہیں اور پھر اس سے اپنے کیس ختم کراتے ہیں ،اگر حکمرانوں نے یہی کرنا ہے تو جیلوں کو کھول دیں غریبوں کا کیا قصور ہے ، چور ملک پر قابض ہیں، حقیقی آزادی کیلئے جہاد کرنا ہو گا،قائدین پوری یکسوئی سے تیاری کریں ، ہماری جدوجہد آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ،اپنی حقیقی آزادی اورخودمختاری کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن کال دوں گا،مجرموں کو این آر او ٹو دیکر ملک و قوم سے مذاق کیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے پی ہائوس میں سٹوڈنٹس کنونشن اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ مہنگائی کیخلاف پی ٹی آئی نے کئی شہروں میں ریلیاں نکالیں اور احتجاج کیا ۔تفصیلات کے مطابق سٹوڈنٹس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب ممالک میں ہر جگہ زرداری اورشریف بیٹھے ہیں ، نامور چور اور ڈاکو ملک پر بیٹھ جائیں تو وہ ملک تباہ ہو جاتا ہے ، نواز شریف اور زرداری کا اپنا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے تاہم اب یہ وقت پاکستان کے لیے فیصلہ کن ہے ، شہباز شریف ہر جگہ پاکستان کو ذلیل کراتا ہے جبکہ عمران خان کی زیر صدارت پارٹی سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کے لوٹے گئے 1100 ارب روپے ہضم کرنے کی شرمناک اجازت دی جا رہی ہے ، جس مجرم کو نجات دہندہ کہہ رہے ہیں وہ 20 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گیا ، اچھی بھلی مستحکم ہوتی معیشت کو تباہی کے گڑھے میں اتار دیا گیا ، انتخابات کے اعلان سے تدارک ہوگا، کروڑوں پاکستانی سیلاب میں گھرے ہیں،کرائم منسٹروزیروں سمیت قوم کاپیسہ عیاشیوں میں اڑارہاہے ، آج رحیم یار خان میں اہم خطاب کروں گا،کنونشن میں اسد عمر، ارسلان چودھری ،امجد علی اور نائلہ مروت نے بھی شرکت کی ۔ پی ٹی آئی سینیٹرزنے سینیٹرسیف اللہ نیازی کی رہائشگاہ پرچھاپے کی مذمت کی، سینیٹرز نے نیب قانون میں ترمیم سے ملنے والے چھوٹ پرتشویش کا اظہار، سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی،تحریک انصاف نے مہنگائی،معاشی تباہی سمیت دیگر معاملات پوری قو ت سے ایوان بالا میں اٹھانے پراتفاق کیا ۔ عمران خان نے رحیم یارخان کے جلسہ کے حوالے سے عوام کے نام اپنے ایک ویڈیوپیغام میں کہاکہ جلسے کا مقصد اپنی قوم کو حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل کرنا ہے ، جلسہ عام میں اپنی قوم کو اپنے اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کروں گا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عمران خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا میں ترقیاتی و انتظامی معاملات سمیت اہم امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں فواد نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ این آر او ٹو پر عمل درآمد ہورہاہے سوائے عمران خان کے سب خاموش ہیں، اس دفعہ جو لائحہ عمل طے کر رہے ہیں اس سے رانا ثنا اللہ بھی حیران رہ جائیں گے دریں اثنا ڈاکٹر یاسمین راشد ، شیخ امتیاز محمود اور زبیر نیازی کی قیادت میں کارکنان نے لبرٹی چوک سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جس میں ہزاروں کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی ۔یاسمین راشد ، عندلیب عباس ، شیخ امتیاز ، زبیر نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی برسانے کے سوا کچھ نہیں کیا ،عوام اپنا گھر کا سامان بیچ کر بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔ کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ پشاور میں موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی ،کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی ،حیدر آباد ،ژوب ، ملتان،ڈسکہ ویگر شہروں میں بھی پی ٹی آئی نے ریلیاں نکالیں ،حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔شہباز گل نے اپنے قائد کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت ہو یا کسی اور کی ریاستی جبر کے خلاف بلاتفریق مظلوم کا ساتھ دوں گا ۔