لاہور( سٹاف رپورٹر) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام آج ’’یوم فتح قادیان‘‘ منایاجائیگا۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر سید محمدکفیل بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر1934ء کو قادیان میں احرار کے داخلے اور تین روزہ احرارتبلیغ کانفرنس کی مناسبت سے مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام آج ’’یوم فتح قادیان‘‘ منایاجائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی سامراج نے مسلمانوں سے جذبہ جہاد ختم کرنے اورملت اسلامیہ میں انتشار وافتراق پیدا کرنے کے لیے مرزا غلام احمد قادیانی کو کھڑا کیا تاہم تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، ڈاکٹرعلامہ محمداقبال ؒ اور مولاناظفر علیخان جیسی سرکردہ شخصیات نے مرزاغلام احمد قادیانی کی امت مرتدہ کا محاسبہ کیا ،قادیان کی طرح ربوہ میں بھی 27فروری 1976ء کو قافلہ احرار سید ابومعاویہ ابو ذر بخاری ،سید عطاء المحسن بخاری،مولانا غلام غوث ہزاروی کی قیادت میں پابندیوں کے باوجود فاتحانہ انداز میں داخل ہوا اور مسلمانوں کے پہلے عالمی اسلامی مرکزاحرار کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔انہوں نے کہاکہ آج کے عالمی ماحول میں آئین پاکستان کی روشنی میں عقیدہ ختم نبوت کی پرامن جدوجہد کو آگے بڑھانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ، حکومت اوراپوزیشن دونوں اپنی صفوں کو لادین عناصر،قادیانیوں اورقادیانی نوازوں سے پاک کریں ۔