لندن،اسلام آباد،لاہور،سیالکوٹ (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نوازشریف نے کہا ہے مجھے سزادیتے دیتے ملک کوڈبودیاگیا، اس ملک کواب مزیدتماشہ نہیں بننے دینگے ۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا 3 بارمنتخب وزیراعظم کوانتقام کانشانہ بنایاگیا اورسزائیں دلائی گئیں،اشتہاری قراردیاگیا، یہ ہے حقیقت اس احتساب کی۔ادھرامیرجمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اپوزیشن کی تحریک کے ایکشن پلان، اسمبلیوں سے استعفوں اور اپوزیشن کے نئے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سربراہی پر مشاورت کی ۔ذرائع کا کہنا ہے ٹیلی فونک رابطے میں اسمبلیوں سے استعفوں کے لئے کمیٹی کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ادھراپنی زیرصدارت اجلاس سے خطاب اورسینئر صحافیوں سے گفتگومیں صدر ن لیگ واپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہانوازشریف کی تقریر کے ساتھ کھڑا ہوں، انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی، انکی تقریر آئین اور دستور کے عین مطابق تھی، میرے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں،میری گرفتاری ہوئی تواس کاسامناکروں گا،مجھ پر مفاہمت کا الزام غلط اور بلاجواز ہے ، حکومت کوجتناوقت دیناتھادے چکے ،مزیدنہیں دیں گے ،اب تحریک نہیں رکے گی۔ احسن اقبال نے کہانواز شریف کا ہر لفظ پارٹی کیلئے مقدم ہے ،میں شہباز شریف کے ساتھ آرمی چیف سے ملنے گیا تھا ۔سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا ہمیں کہا گیا الیکشن کے بعد استعفے دئیے جائیں ہم نے ایسا نہیں کیا،اگر استعفے دیتے تو آج کنٹینر والے کا اصل چہرہ سامنے نہ آتا۔ راناثنا نے شیخ رشید سے 10سوالات پوچھ لئے اورکہامنتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کی، کون امپائر کی انگلی کا انتظار کر رہا تھا؟2014 کے دھرنے کی فنڈنگ کس نے کی اور کہاں سے آئی؟ کیادھرنے میں پولیس کے سرپھاڑنے ،سول نا فرمانی کی کال،بجلی بل جلانے کاپلان جیمزگولڈسمتھ کے گھربنا؟مودی کی الیکشن کمپین کون کر رہا تھا؟ بی جے پی کی ایک خاتون رکن سے پیسے کس نے لیے ؟کلبھوشن کاسہولت کارکون ؟کون وکالت کررہاہے ؟قونصلرسروس کون فراہم کررہاہے ؟23 فارن فنڈنگ بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے کس نے اور کہاں سے فنڈنگ کی؟جوہری دھماکوں کے وقت ملک سے بھاگ جانے والا ٹارزن کون تھا؟عظمیٰ بخاری نے کہا کشمیر فروش عمران نیازی نے اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر مگر مچھ کے آنسو بہائے ۔