مکرمی !شہدائے کربلا کی قربانیاں اتباع شریعت محمدی کی مکمل پابندی۔ باہمی رواداری ایثار قربانی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور شرعی تقاضوں کے عین مطابق حق کی خاطر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے باسی اور یہاں تمام مکاتب فکر کے ذمہ داران اس حوالے سے یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ملک کے دیگر علاقوں کے برعکس ڈیرہ میں کسی بھی مسلک کی جانب سے دوسرے کی دل آزاری اور گستاخی کاکوئی واقعہ رونما نہیں ہوا اور اگر مستقبل میں بھی تمام مسالک اپنے اپنے علما اور ذمہ داران کی ہدایات پر عمل پیرا رہتے ہیں اور دین کا لبادہ اوڑھے جہلا کی باتوں کو خاطر میں لائے بغیر انکی حوصلہ شکنی کی روش جاری رکھتے ہیں تو یہ شہر پائیدار امن کا گہوارہ رہے گا۔ محرم الحرام کے ابتدائی ایام میں پولیس اور عوام کے درمیان چیک پوسٹوں پر تلخ کلامی کے کسی واقعہ کے رونما نہ ہونے پر عوام اور پولیس اہلکار یقینا خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ (محمد فضل الرحمان)