لاہور(کرائم رپورٹر،نمائندگان ) تھانہ چک بیدی کے علاقہ 67 ڈی میں مسلح افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 2 بھائی قتل جبکہ باپ اور والدہ زخمی ہوگئے ، نواحی گاؤں 67/ڈی میں اﷲ دتہ اور اسکی اہلیہ خیراں بی بی اپنے بیٹوں سرفراز اور اﷲ یار کے ہمراہ گھر میں سورہے تھے کہ 4 نامعلوم افراد نے دروازہ کھلوا یا اور زبردستی اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی ، سرفراز اور اﷲ یار زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ اﷲ دتہ اور اسکی اہلیہ خیراں بی بی زخمی ہوگئے ،جن کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا، اﷲ دتہ کی حالت انتہائی تشویش ناک ہونے پر ساہیوال ریفر کر دیا گیا ، ملزمان فرار ہوگئے ۔ ادھرمناواں لاہور کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے 35 سالہ شخص جاں بحق جبکہ ساتھی شدید زخمی ہو گیا، بتایا گیا ہے کہ جمشید ٹاؤن کے رہائشی نعمان اور لالو کا اپنے محلے دار راحیل سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا اور بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ، راحیل نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کردی ، نعمان اور اس کا ساتھی اعظم وٹو شدید زخمی ہوگیا جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نعمان دم توڑ گیا ، پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جبکہ راوی روڈ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ۔ذرا ئع کے مطابق ملزمان غلام مرتضی نامی شخص کو قتل کرکے فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مقتول ایمبرائیڈری کا کاروبار کرتا تھا،مزید تفتیش جاری ہے ۔علاوہ ازیں منڈی بہاؤالدین میں سابق خاوند کے 2بچے ساتھ رکھنے کے تنازع پرموجودہ خاوند نے بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیزدھار آلہ سے قتل کردیا اور خود گلے میں پھندا ڈال خودکشی کرلی۔منظور آباد کے عابد نے پانچ ماہ قبل دوبچوں کی ماں سے پسند کی شادی کی تھی۔