لاہور(سپورٹس ڈیسک)باکسر محمد وسیم کی شایان شان پذیرائی نہ ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ،شعیب ملک اورمحمد حفیظ خاصے دلبرداشتہ ہیں۔محمد وسیم نے فلپائنی حریف کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آوٹ کر تے ہوئے جیت کشمیریوں کے نام کی تھی، اس حوالے سے چند حکومتی ارباب اختیار کے سوشل میڈیا پر پیغامات تو آئے لیکن ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے کوئی نہیں آیا۔اس معاملے پر اپنے ردعمل میں وسیم اکرم نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، کبھی کبھار قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے ، محمد وسیم آئندہ فتح کا جھنڈا گاڑ کر واپس آئے تو خود ان کو لینے ائیرپورٹ جاؤں گا۔شعیب ملک اور محمد حفیظ نے بھی محمد وسیم کا استقبال نہ کرنے پر فیڈریشن کو آڑے ہاتھوں لیا۔