ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، محموداﷲ کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم کی میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے ۔ آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے زمبابوے کو فالو آن کرانیکی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کو 218 رنز کی برتری حاصل تھی، بنگلہ دیش نے 224 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کر کے حریف ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی 443 رنز کا ہدف دیا، محموداﷲ 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ، محمد متھن 67 رنز کیساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے ، کائل جروس اور ٹریپانو نے 2، 2 سین ولیمز اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں زمبابوین ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لئے تھے ، زمبابوے کو کامیابی کیلئے مزید 367 رنز اور بنگلہ دیش کو 8 وکٹیں درکا رہیں، برائن چاری 43 اور کپتان ہملٹن مسکڈزا 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ، برینڈن ٹیلر 4 اور سین ولیمز 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، تیجل اسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ لی۔