لاہور(قاضی ندیم اقبال) محکمہ اوقاف پنجاب نے نجی شعبہ کی شراکت سے دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ لاہور سمیت صوبہ کے 5درباروں پر 89کنال اراضی کی نشاندہی کر کے ترقیاتی منصوبوں کی تجویز دے دی ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سربراہ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف نے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایکٹ2019 کے تحت6مقامات پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا اعادہ کیا ہے ۔ مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ میں 19کنال اراضی ، جہاں تہہ خانہ میں پہلے پارکنگ قائم تھی، وہاں پر دوکانیں بنانے ، دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر 4کنال وقف اراضی پر تہہ خانہ میں پارکنگ، گراؤنڈ فلور پر دوکانیں، پہلی منزل پر دفاتر، جبکہ دوسرے ، تیسرے ، چوتھے ، پانچویں اور چھٹے فلور پر رہائشی کمرے بنانے کی تجویز دی ہے ۔ دربار حضرت امام علی الحق ؒ سیالکوٹ سے منسلک 6کنال وقف رقبہ پر تہہ خانہ میں پارکنگ، گراؤنڈ فلور پر دوکانیں، پہلی منزل پر دفاتر، جبکہ دوسرے ، تیسرے ، چوتھے ، پانچویں اور چھٹے فلور پر رہائشی کمرے بنانے ، دربار حضرت سخی سرور ؒ ڈیرہ غازی خان کی 4کنال وقف اراضی پر 3منزلہ پلازہ تعمیر کر کے تہہ کانہ میں پارکنگ، گراؤنڈ فلور پر دوکانیں ، جبکہ پہلی، دوسری، اور تیسری منزل پر رہائشی کمرے تعمیر کرنے کی تجویز دی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلہ میں دربارحضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ پاکپتن کے ساتھ موجود پرائیویٹ لینڈ پر مسافر خانہ ، اوقاف دفاتر، پارکنگ کے علاوہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی کی تجویر دی ہے ۔داتا دربار ہسپتال لاہور کی 52کنال اراضی پر جدید ہسپتال، ہوٹل کمپلیکس، مسافر خانہ ، اوقاف دفاتر، پارکنگ برائے زائرین بنانے کا منصوبہ بھی پیش کیا ہے ۔