لاہور(نمائندہ خصوصی سے )متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات پنجاب کے ذیلی ادارے فشریزکے ساڑھے 6 کروڑ روپے کا نادہندہ ہونے کی بناء پرساندہ روڈ پر واقع ہیڈ کوارٹر کی عمارت کو سیل کر دیا۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے مصدقہ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں لاہور سمیت ملک بھر میں پراپرٹیز نادہندگان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز لاہور میں صوبائی ادارہ فشریز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ 2006 میں متروکہ وقف املاک بورڈ نے سیٹلمنٹ کے ذریعے فشریز ڈیپارٹمنٹ کو واجبات کی ادائیگی کا کہا مگروہ عدالت میں چلے گئے اورکیس ہارگئے ۔ اس ضمن میں رابطہ پر چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر عامر احمد نے روزنامہ ’’92‘‘ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ 3ماہ سے نوٹس جاری کر رہے تھے ۔ فشریز ڈیپارٹمنٹ نے ہمیں کوئی تحریری جواب دیا اور نہ ہی کوئی ادائیگی کی ۔ الٹا معاملات کو بگاڑنے کے لئے ملازمین کو آگے کرتے رہے ۔