فیصل آباد(آصف سدھو) لیگی دور حکومت کے دوران محکمہ تعلیم فیصل آباد میں 400سے زائد مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر نیب نے اسوقت کے ڈی او سیکنڈری اوردیگر افسروں کو ریکارڈ سمیت آج (جمعرات) طلب کر لیا ہے ۔ میرٹ کے برعکس بھرتیوں میں سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ نے 35 ،سابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے 20 من پسند افراد کو نوازا جبکہ دیگر لیگی اراکین اسمبلی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ۔ ذرائع کے مطابق افسران اس غیر قانونی عمل کے ریکارڈ پر آنے اور نیب انکوائری سے خوفزدہ ہیں اور خود کو بچانے کیلئے کوئی مضبوط دستاویزی ثبوت بھی تیار نہیں کر پا رہے ۔ نیب نے متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی ہے کہ میرٹ کے برعکس لیگی ارکان اسمبلی کو کوٹہ کن قوانین کی بنیاد پر فراہم کیا گیا۔