لاہور(بابر علی) محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کے افسران کی جانب سے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کی کوشش، ٹینڈر دستاویز میں خلاف قانون شرط شامل کر دی گئی۔ پیپرا حکام کے نوٹس پر غیر قانونی شرط کو حذف کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے لاہور کے علاقے فتح گڑھ میں ترقیاتی کاموں کے لئے 46لاکھ 95ہزار روپے کے منصوبے کے تحت ٹھیکیداروں سے ٹینڈرز طلب کیے تھے ۔ ٹینڈرز کی شرط نمبر 4کے تحت لکھا گیا کہ کوئی بھی ٹینڈر منظور یا منسوخ کر نے کا اختیار ٹینڈر اوپننگ کمیٹی کے پاس ہوگا۔ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے اس شرط کو پیپرارولز کی شق 35کے خلاف قرار دے کر اعتراض عائد کر دیا۔ شق 35کے مطابق متعلقہ ادارہ بڈ ز کی ایولوایشن کے بعد رپورٹ کی صورت میں بڈ منظور یا مسترد ہو نے کا جواز پیش کرے گا۔ پیپرا حکام کے نوٹس پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی طرف سے ٹینڈر کی شر ط نمبر 4ختم کر دی گئی ہے ۔