لاہور(حافظ فیض احمد ) چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز پاکستان ریلوے اعجاز احمد بریڑو نے کہا ہے محکمہ میں کرپٹ ملازمین کی گنجائش نہیں ، انہوں نے کہا تبلیغی مرکز سے ٹرینوں کیاندر گیس سلنڈر نہ لے کر جانے کی تلقین کرنا خوش آئند ہے ، امید ہے اس پر عمل کیا جائے گا، گیس سلنڈر لے کر جانے کی ممانعت پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ، سٹیشن عملہ سے کہہ دیا گیا کہ اس پر عمل کرایا جائے ، محکمہ میں کرپٹ ملازمین کی گنجائش نہیں ، اس حوالے سے کوئی نشاندہی ہوتی ہے تو اس پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے ، ریلوے زمینوں پر قابض قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے اور اب تک اربوں روپے مالیت کی ریلوے زمین واگزار کرائی گئی ہے ، روزنامہ 92نیو ز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اعجاز احمد بریڑو نے کہا مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، ٹرینوں کی آمد و رفت کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے ، ریلوے افسروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ دفاتر کی بجائے فیلڈ میں نکلیں، ٹرینوں ، ریلوے ٹریک اور دیگر انفراسٹرکچر کی انسپکشن کریں تا کہ خامیوں کو دور کیا جاسکے ، دو روز قبل ٹرینوں کی آمد و رفت میں وقت کی پابندی 96فیصد تھی ، لیکن کراچی واشنگ لائن میں تیز گام پٹری سے اترنے کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا، جس پر بعض ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں ، محکمے میں میرٹ کو فالو کیا جاتا ہے ، تمام ڈی ایس ریلویز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملازمین کے مسائل حل کریں ، گزشتہ سال کی نسبت اربوں روپے زیادہ کی آمدن ہوئی ، انہوں نے کہا وہ خود بھی کنٹرول روم میں بیٹھ کر ٹرینوں کی آمد و رفت سے متعلق روزانہ معلومات لیتے ہیں، افسروں کو بھی بائیو میٹرک پر حاضری لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔