لاہور(میاں رؤف)محکمہ پولیس میں اہم آسامیاں خالی۔ادارے کی کارکردگی شدید متاثر ہونے لگی۔ذرائع کے مطابق آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے پنجاب پولیس کو اعلی انتظامی افسروں کی قلت کا سامنا ہے ۔ پولیس فورس کے بڑی تعداد میں نہایت اہمیت کے حامل عہدے خالی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس آفس میں 4انسپکٹر جنرلز(ایڈ یشنل آ ئی جی پنجا ب ) کی آسامیاں خالی ہیں ، تو وہیں پر 5ڈی آئی جیز، 2 اے آئی جیز کی آسامیاں بھی خالی ہیں،جس کے سبب دفتری امور کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ امور بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انعام غنی کی بطور آئی جی تعیناتی کے بعد طارق مسعود یاسین نے ان کی ماتحتی میں کام کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھجوا دیا گیاجبکہ 2ایڈیشنل آئی جیز بی اے ناصر اور ذوالفقار حمید کا تبادلہ کر دیا گیا۔ اسی طرح ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اینڈ مانیٹرنگ ، ڈی آئی جی لاجسٹک اینڈ پکیورمنٹ ، پولیٹیکل سپیشل برانچ کی آسامیاں بھی خالی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گریڈ19 کی اے آئی جی لاجسٹک اور اے آئی جی انسپکشن کی آسامیاں بھی خالی ہیں۔ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں اہم آسامیاں خالی ہونے کے سبب سی سی پی او آفس بھی ویران دکھائی دیتا ہے ۔ اور محکمانہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ان اسامیوں پر تعیناتی کبھی بھی صوبائی حکومت کی تر جیح نہیں رہی ہے ۔