لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ ایکسائز پنجاب میں آئندہ مالی سال 2020،21کے بجٹ کے لیے اپنی تجاویز تیار کر لی ہیں تاہم کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن نارکوٹکس پنجاب نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اور معاشی صورتحال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی بر وقت نہ ہونے پر جرمانہ نہ لینے کی تجویز دی ہے اسی طرح یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ شہری دو اقساط میں اپنا پراپرٹی ٹیکس ادا کرسکتے ہیں اسی طرح ایسے شہری جنہوں نے اپنی گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا ان کو بھی جرمانہ معاف کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور وہ جب مرضی بغیر جرمانے کے اپنی گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا کر سکیں ۔ذرائع کے مطابق پروفیشنل ٹیکس اور کاٹن ٹیکس میں بھی کسی قسم کا اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 100فیصد سے کم کی شرح کے حساب سے پراپرٹی ٹیکس لیا جاتا ہے جس پر یہ تجویز دی گئی ہے کہ اس میں بھی مزید 10فیصد کمی کر دی جائے تاکہ ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے باعث ٹیکس گزاروں کو مزید ریلیف دیا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے مذکورہ تجاویز بجٹ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی ہیں تاہم حتمی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی جس کے بعد آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے دی گئی تجاویز کو شامل کیا جائے گا اور حکومت کی منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔