لاہور(اشرف مجید) پنجاب حکومت کی واضح ہدایت کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ پنجاب بھر میں جنرل بس سٹینڈ سمیت ڈی کلاس سٹینڈز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ،اوور چارجنگ بھی بند نہ کرائی جا سکی،15روز میں رپورٹ مانگنے کے باوجود رپورٹ نہ بھجوانے پر پنجاب حکومت افسران پر برہم ،محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے نا اہلی چھپانے کے لئے فوری طور پر چیکنگ کے لئے دورے شروع کر دئیے ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ تمام اضلاع میں موجود سیکرٹری ڈی آر ٹی ایز کے زریعے جنرل بس سٹینڈز سمیت ڈی کلاس بس سٹینڈز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن بنانے کے لئے اقدامات کریں جس میں خاص طور پر اوور چارجنگ کی روک تھام کے لئے بسوں کے اندر اور باہرکرایہ نامہ نصب کرنے کے ساتھ بزرگ مسافروں کے لئے وہیل چیئر کے انتظامات ،پینے کے صاف پانی ،مسافروں کے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کیلئے خالی جگہ ،واش رومز کی تعداد بڑھانے اور صفائی کے انتظامات اور سٹاف کی موجودگی ،بس اڈوں پر موجود کنٹین پر فوڈ چیکنگ ،بیٹھنے کے لئے جگہ ،سمیت دیگر سہولیات تھیں جس کے بارے میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتطامیہ کو 15روز میں چیکنگ کر کے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بعد رپورٹ بھجوانے کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن 21روز گذرنے کے باوجود بھی نہ تو جنرل بس سٹینڈز پر انتظامات بہتر کئے گئے اور نہ ہی وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ بھجوائی گئی جس پر گزشتہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ سے جواب طلب کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کو سیکرٹری ڈسٹرک ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی جانب سے رپورٹس بھجوائی گئی ہیں کہ تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،ذرائع کے مطابق لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی جانب سے تا حال کوئی بہتری کے لئے انتظامات نہیں کئے گئے ہیں جس کے بارے میں رپورٹ بھی پنجاب حکومت کو ارسال کی گئی ہے جس پر محکمہ ٹرانسپورٹ افسر وں اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔