لاہور(بابر علی)محکمہ بلدیات پنجاب آئندہ مالی سال کے دوران تفریحی پارکوں ، پارکنگ پلازوں اور مویشی منڈیوں کے قیام کے منصوبے وسیع پیمانے پر شروع کر نے کے لئے کوشاں ہے ، پنجاب حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ان منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ بلدیات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مذکورہ بالا منصوبے شروع کر نے کی اجازت دی گئی ہے ۔ محکمہ کی جانب سے پی پی پی موڈ کے تحت صوبہ میں مزید تفریحی پارکوں اور جوائے لینڈ قائم کرنے کی تجاویز بھیجوائی تھیں ، اس مد میں نجی شعبہ کو صوبہ کے مختلف اضلاع میں باہمی اشتراک سے پارک اور جوائے لینڈ بنانے کی پیشکش کی جائے گی۔ اسی طرح نجی شعبہ کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر نے کا موقع فراہم کر کے پارکنگ کے مسائل ختم کر نے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ مزید برآں لاہور، خوشاب، گجرات اور ڈی جی خان میں ماڈل مویشی منڈیاں قائم کر نے کے ساتھ ساتھ پانی کے کنکشنز پر میٹر لگانے کا منصوبہ بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیے جائیں گے ۔