کوئٹہ (خلیل احمد) بلوچستان کے محکمہ آبپاشی میں 823ملازمین 8سال سے گھر بیٹھے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق بلوچستان میں 2007ء میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے محکمہ آبپاشی میں واٹر ریسورسز پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شعبہ بنایا گیاتھا جسکا کام ایک ہزار سے زائد ٹیوب ویل لگاناتھا ، یہ کام 2010ء میں مکمل کرلیا گیا تھا ،جسکے بعد سے 823 افسران اور ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہے ہیں ۔ 34 رگ مشینوں سمیت کروڑوں روپے کی مشینری خریدی گئی تھی جو ورکشاپ میں کھڑی زنگ آلود ہورہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پانی کی قلت کا مسئلہ تشویشناک حد تک سنگین ہو چکا ہے لہٰذا ان افسران و ملازمین اور رگ مشینوں سمیت دیگر مشینری کو پی ایچ ای یا واسا کے حوالے کیا جائے تاکہ انکے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکے اور یہ قومی خزانے پر بوجھ بھی نہ بنیں۔