لاہور(خبرنگارخصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنائے گا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بلا تعطل زرعی منڈیوں سے فراہمی جاری رہے گی یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ )پنجاب وقار حسین ،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)ڈاکٹر انجم علی ،چیف پلاننگ اینڈ ایلیویشن سیل رانا محمود،ڈائریکٹر پیام محمد اجمل اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ (ای اینڈ ایم ) لیاقت علی رضا سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں زرعی منڈیاں معمول پر مقرر کردہ احتیاطی تدابیرکے مطابق اپنا کام سرانجام دیں گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں اشیائے ضروریہ مثلاً پھل، سبزیات اور دالوں وغیرہ کی عوام کو معمول کے مطابق فراہمی جاری رہے گی۔