لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) محکمہ پرائمری ہیلتھ نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کیلئے جامع پلان تیار کر لیاگیا ہے ۔ جو قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل ہے ۔اس امر کا انکشاف صوبائی کوارڈینیٹربرائے انسداد پولیو سلمان غنی نے سول سیکریٹ میں انسداد پولیو سے متعلق اقدامات بار ے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کو دوران بریفنگ بتایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ملک سے اس مہلک مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے مشترکہ اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائے ، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جا ئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محنتی افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں معیار کو یقینی بنانے کیلئے رضا کاروں پر کم سے کم انحصار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پر قابو پانے کے لئے عوام کا تعاون نہاے ت اہمیت کا حامل ہے ،عوام میں پولیو سے متعلق شعور اور آگاہی بڑھانے کے لئے متعلقہ محکمے فعال کردار ادا کریں اور سلسلے میں علماء کرام سے بھی مدد لی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا ۔