لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا کہ اپوزیشن والے جمہوریت کی بات توکرتے ہیں لیکن ان میں خود ایسی بات نہیں اگر اسمبلی کی تقریر اسمبلی تک محدود رہتی تو پھربات تھی لیکن و ہ توپورے میڈیا پر قوم نے دیکھی،اعظم سواتی ایک شریف آدمی ہیں،ملک میں تمام اداروں کا بھٹہ بیٹھ گیا اوراس کی وجہ سے معیشت بیٹھ گئی۔92نیوزکے پروگرام ’’ نیوز روم‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ریاض فتیانہ نے کہا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں، مخالفین کا احتساب کرنے کی روایت میاں نوازشریف نے ڈالی اورایک وقت میں بے نظیر بھٹو کو ملک چھوڑ کرجاناپڑا۔پیپلزپارٹی کی رہنما سحرکامران نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے تو ماضی میں احتساب کو بھگتاہے اس وقت میاں نوازشریف نے ا س بات کو محسوس نہیں کیا۔ آج اس کا احساس موجودہ حکومت کوبھی نہیں ہورہا جو سپیڈ آج ہے ایسی سپیڈ ہم نے مسلم لیگ ن کے زمانے میں بھی دیکھی تھی کیونکہ ان کااس وقت خیال تھاکہ احتساب کی چھری صرف پیپلزپارٹی پرچلے گی ،میں یہ کہتی ہوں کہ اداروں کو آزاد رہنے دیں اوراپنا کام کرنے دیں۔تجزیہ کار اویس توحیدنے کہا میں سمجھتاہوں کہ نوازشریف کو کوئی راہ فرار نہیں ملے گی بلکہ انکے خلاف گھیرا مزید تنگ ہوجائے گا،آئی ایم ایف سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور اس کے لئے حکومت کو بنیادی قانون سازی کرناہوگی،اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ نیب کو سیاسی ہتھیار کے طورپرماضی میں استعمال کیا گیا لیکن اس میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما پیرصابر شاہ نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کے ایک ممبر کیلئے اسے استحقاق حاصل ہے تو اس کے تحت ہی نوازشریف نے استثنیٰ مانگاہے ، آج مجھ سے کوئی یہ کہے کہ اپنی جائیداد کے بارے میں بتائیں تو مشکل ہوگا، ہم اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں اس لئے ہم نے سیکھااورمیثاق جمہوریت کیا۔ عوام کو انصاف کیلئے ججوں کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے ۔