اسلام آباد،چناری،پشاور،کراچی، نوکنڈی، ڈیرہ اسماعیل خان ( سٹاف رپورٹر،نمائندگان92نیوز، آن لائن ،صباح نیوز، این این آئی) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرے کے دوران نریندر مودی کے پتلے بھی نذرآتش کئے گئے اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈیاں اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اور پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے ۔ پشاور میں پاکستان ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام نہتے کشمیر یو ں پر جاری مظالم کے خلاف پشاور پر یس کلب کے سامنے احتجاجی مظا ہرہ کیا۔ ڈیرہ بگٹی میں ہندو برادری کی جانب سے گزشتہ روز ریلی نکالی گئی ۔ پاک ایران سرحدی علاقے نوکنڈی میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج کیاگیا۔کراچی میں اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر وسیم قاضی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔جے یو آئی نے لکی سٹی میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے ریلی نکالی۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سول سو سائٹی کے زیراہتمام سینکڑوں افراد نے مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد کے صدر شوکت نواز میر کی قیادت میں مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول چکوٹھی کی طرف مارچ کیا، حفاظتی نقطہ نظر کے تحت سول سو سائٹی کی بڑی ریلی کو پولیس نے چناری کے مقام پر روک لیا۔