لاہور(نمائندہ خصوصی سے )حکومت پنجاب نے مختلف شہروں میں مختلف سیکٹرز کی 9ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 1کھرب 15 ارب 18 کروڑ 91لاکھ 44ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔یہ منظوری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 33ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع فیصل آباد میں ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ کو 60 بستروں سے 100 بستروں کی اپ گریڈیشن کیلئے 29 کروڑ 28 لاکھ 18 ہزار روپے ، غلہ گودام ملتان میں 200 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال کے قیام کیلئے 4 ارب 51 کروڑ 17 لاکھ 92 ہزار روپے ، ضلع میانوالی تحصیل پپلاں میں پپلاں تا کلور روڈ بشمول ساؤدرن بائی پاس (لمبائی 18.05کلومیٹر) کی تعمیر و مرمت کشادگی و بحالی کیلئے 70کروڑ 56 لاکھ 68 ہزار روپے ، پنجاب کے منتخب علاقوں میں نکاسی آب کے نیٹ ورک کی بہتری کیلئے 18 ارب 38کروڑ 49 لاکھ 26 ہزار روپے شامل ہیں جبکہ ضلع بہاولنگر میں منچن آباد تا بنگہ حیات براستہ ہیڈ سلیمانکی روڈ کی بحالی ، کشادگی و بہتری کیلئے 4ارب 26 کروڑ 50 لاکھ روپے ، صوبہ پنجاب میں روڈز کی بحالی پروگرام کے امبریلا پی سی ون کیلئے 53 ارب 50 کروڑ روپے ، ڈیرہ غازی خان میں میر چکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کیلئے 6 ارب 65 کروڑ 98 لاکھ 4 ہزار روپے ، لاہور میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 3 ارب 42 کروڑ 86 لاکھ 29 ہزار روپے اور صوبہ پنجاب میں نہری نظام کی بحالی اور اپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب 44 کروڑ 5 لاکھ 7 ہزار روپے کی منظوری کے شامل ہی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ سکیموں کی حتمی منظوری کیلئے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) بھجوا دیا گیا ہے ۔