لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ مختلف محکموں میں نمائندگی کیلئے 60ہزارکارکن تعینات کرینگے ۔ملتان ڈویژن کے ورکروں کو گورنر ہائوس لاہور میں افطاری دوں گا۔تحریک انصاف کے ورکرز پارٹی کا اثاثہ ہیں ، انہیں عزت دینا لیڈر شپ پر فرض ہے ،لوکل گورنمنٹ کے الیکشن میں قربانیاں دینے والوں کو ٹکٹیں دیں گے ، عوام سے تمام وعدے پورے ہوں گے ،’’آب پاک اتھارٹی‘‘کے تعاون سے پورے ملک میں صاف پانی کے لئے فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے ۔ عوام نے ہمیں پانچ سالوں کا مینڈ یٹ دیا ہے حکومت آئینی مدت پوری کریں گی۔انہوں نے کہا کہ کر پشن کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے جو موقف اختیار کیا ہے ہم آج بھی اس پر قائم ہے اور ملک میں کر پٹ عناصرکو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوں اورمعروف دینی درسگاہ جامع خیر المدارس ملتان میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،گورنر پنجاب نے کہاپارٹی ورکرز کی مشکلات کا احساس ہے ہماری لیڈر شپ کو اقتدار ان کی کاوشوں اورپارٹی کی خدمات کی بدولت ملا ہے ،انہوں نے کہا کہ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے انہیں جلدچالو کریں گے ،انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں موبائل فلٹریشن پلانٹس کا تجربہ بھی کر رہے ہیں اگر یہ کامیاب رہا تو دیہاتوں میں رہنے والوں کو بھی صاف پانی ملے گا،قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری سرور نے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ میں بھی شرکت کی۔