مکرمی ! دوستوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، لیکن موجودہ دور میں جب افراتفری ، انتشار، خلفشار ، باہمی تنازعات کے باعث خونی رشتوں کی قدریں کم ہورہی ہیں، اور دولت و شہرت رشتوں کا معیار بنتے جارہے ہیں، ان گھمبیر حالات نے دوستی کے رشتے کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ بلاشبہ نیک و مخلص دوست کسی نعمت سے کم نہیں ، کیونکہ نیک سیرت اور مخلص دوست کے مفید مشوروں، مدد اور معاونت سے زندگی میں آسانیاںآجاتی ہیں۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے اطمینانی، مایوسی، گھریلو رنجشیں، مالی تنگد ستی، فکرمعاش ، افلاس، احساس محرومی اور معاشرتی ناہمواریاںتیزی سے لو گوں میں ذہنی دباؤ اور افسردگی کا باعث بن رہی ہیں، ان گھمبیر حالات میں اگر کسی مخلص دوست کی رفاقت میسر ہوتو کٹھن سے کٹھن راستہ بھی آسان معلوم ہوتا ہے، دوستی زندگی کے مایوس کن لمحوں میں جینے کی امید دیتی ہے۔ بلاشبہ دوستی بھی انسان کے عزیز ترین رشتوں میں سے ایک رشتہ ہے کیو نکہ ہر دورمیں ہر انسان ایک مخلص اور سچا دوست چاہتا ہے، جو باتیں ہم کسی سے شیئر نہیں کر سکتے ان کا حل اپنے مخلص دوست سے پوچھ سکتے ہیں۔ (رانا اعجاز حسین چوہان )